بنگلورو،26؍جولائی(ایس او نیوز)بنگلورو کے شیواجی نگر میں بین الاقومی سطح کا انفراسٹرکچر فراہم کرنے کا منصوبہ بنا کر یہاں کے معروف تجارتی علاقہ کمرشیل اسٹریٹ کو ترقی دینے کے لئے گزشتہ چھ ماہ سے سمارٹ سٹی منصوبے کے تحت کا م جاری تھا۔ حال ہی میں وزیر اعلیٰ بی ایس ایڈی یورپا نے اپنے سٹی راؤنڈس پروگرام کے دوران اس کمرشیل اسٹریٹ کا معائنہ کیا اور رسمی طور پر اسے عوامی استعمال کے لئے کھول دیا لیکن اس کے اگلے دن ہی کروڑوں روپیوں کی لاگت سے تیار کی گئی اس سڑک کا ناقص معیار اس وقت سامنے آگیا جب یہاں بچھائے گئے ٹائنس اکھڑ گئے اور بارش کا پانی کمرشیل اسٹریٹ کی دکانوں میں گھس گیا۔جس دن وزیر اعلیٰ نے اس کمرشیل اسٹریٹ کی نئی سڑک کا افتتاح کیا اسی رات ہوئی بارش کے ساتھ سڑک کو خوبصورت بنانے کے لئے بچھائے گئے انٹرلاک پتھر اکھڑ گئے۔450میٹر طویل اس سڑک کو 5.40کروڑر وپیوں کی لاگت سے بنوایا گیا۔ لیکن اس کے افتتاح کے چند گھنٹے بعد ہی ایک ہی بارش نے اس سڑک کی تیاری میں ہوئی خامی کو بے نقاب کردیا۔ کہا جا رہا ہے کہ کروڑوں روپیوں کی لاگت سے تیار شدہ اس سڑک کے ایک ہی دن میں خراب ہوجانے کے لئے کام کا گھٹیا معیار ذمہ دار ہے۔ ایسے میں جبکہ سڑکی کی ایک جانب ا بھی انٹرلاک پتھروں کو بچھانے اور کانکریٹ کا کا باقی تھا سمارٹ سٹی کارپوریشن کے آفیسروں نے جلد بازی میں وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں اس سڑک کا افتتاح کروادیا۔ ایک ہی بارش کے سبب اس سڑک پر بچھائے گئے انٹرلاک پتھروں کے اکھڑ جانے سے کام کے غیر معیاری ہونے کے شکوک وشبہات پیدا ہو گئے ہیں مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ بی بی ایم پی اور دیگر مقامی عہدیداروں کو فوری طور پر مداخلت کرتے ہوئے اس سڑک کے ناقص معیار کی مرمت کرنے کے لئے مناسب قدم اٹھانے چاہئے۔